اللہ تعالی نے ذی الحجہ کے ابتدائی دس دنوں کو سال کے دیگر ایام پر فضیلت اور امتیاز عطا کیا ہے‘ سب سے پہلی خصوصیت یہ ہے کہ اللہ تعالی نے ان ایام کا ذکر خصوصیت کے ساتھ قرآن میں کیا ہے‘ فرمان باری تعالی ہے: (لِيَشْهَدُوا مَنَافِعَ لَهُمْ وَيَذْكُرُوا اسْمَ اللَّهِ فِي أَيَّامٍ مَعْلُومَاتٍ عَلَى مَا رَزَقَهُمْ مِنْ بَهِيمَةِ الْأَنْعَامِ)
ترجمہ: اپنے فائدے حاصل کرنے کو آجائیں اور ان مقرره دنوں میں اللہ کا نام یاد کریں اور چوپایوں پر جو پالتو ہیں (اللہ کا نام لیں)۔
مقررہ دنوں سے مراد ذی الحجہ کے دس دن ہیں‘ جیسا کہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ : (مقررہ دنوں سے مراد ذی الحجہ کے دس دن ہیں)([1])۔
ذی الحجہ کے دس دنوں کی فضیلت کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ اللہ تعالی نے ان دس راتوں کی قسم کھاتے ہوئے فرمایا: (وَالْفَجْرِ وَلَيَالٍ عَشْرٍ)
ترجمہ: قسم ہے فجر کی! اور دس راتوں کی!
ابن کثیر رقم طراز ہیں: دس راتوں سے مراد ذی الحجہ کے دس دن ہیں ‘ جیسا کہ ابن عباس‘ ابن الزبیر‘ مجاہد اور بہت سے اسلاف اور اخلاف سے منقول ہے۔انتہی
ذی الحجہ کے دس دنوں کی فضیلت کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ ان دنوں میں کئے جانے والے اعمال کا ثواب سال کے دیگر ایام کے بالمقابل زیادہ ہوتا ہے‘ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:" ذی الحجہ کے دس دنوں کے مقابلے میں دوسرے کوئی ایام ایسے نہیں جن میں نیک عمل اللہ کو ان دنوں سے زیادہ محبوب ہوں“، لوگوں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! اللہ کی راہ میں جہاد کرنا بھی نہیں؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کی راہ میں جہاد کرنا بھی نہیں، سوائے اس مجاہد کے جو اپنی جان اور مال دونوں لے کر اللہ کی راہ میں نکلا پھر کسی چیز کے ساتھ واپس نہیں آیا“([2])۔
ابن رجب رحمہ اللہ کے قول کا خلاصہ ہے کہ: یہ ایک نہایت عظیم اور مہتم بالشان حدیث ہے‘ یہ اس بات کی دلیل ہے کہ مفضول اور کمتر عمل بھی اگر با فضیلت وقت میں کیا جائے تو وقت کی فضیلت کی وجہ سے وہ فضیلت والے اعمال سے بھی زیادہ افضل ترین ہوجاتا ہے ‘ نیز اس بات کی بھی دلیل ہے کہ ذی الحجہ کے دس دنوں میں کیا جانے والا عمل دیگر ایام میں کئے جانے والے اعمال صالحہ سے کہیں زیادہ افضل ہے‘ اس عموم سے صرف سب سے افضل قسم کا جہاد ہی مستثنی ہے ‘ وہ یہ ہے کہ انسان جان ومال کے ساتھ نکلے ‘ پھر کسی کے ساتھ واپس نہ آسکے۔
یہ حدیث اس بات پر بھی دلالت کرتی ہے کہ ذی الحجہ کے دس دنوں میں اداکئے جانے والے نوافل رمضان کے آخری عشرہ میں کئے جانے والے نوافل سے افضل ہیں‘ اسی طرح ذی الحجہ کے دس دنوں میں ادا کئے جانے والے فرائض بھی دیگر ایام کے فرائض سے کہیں بڑھ کر ہیں۔([3])انتہی
ذی الحجہ کے ان دس دنوں کی فضیلت کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ ان میں یوم عرفہ آتا ہے ‘ جس دن اللہ تعالی نے اپنے دین کو مکمل فرمایا اور یہ آیت نازل فرمائی: (الْيَوْمَ أَكْمَلْتُ لَكُمْ دِينَكُمْ وَأَتْمَمْتُ عَلَيْكُمْ نِعْمَتِي وَرَضِيتُ لَكُمُ الْإِسْلَامَ دِينًا)
ترجمہ: آج ہم نے تمہارے لئے تمہارا دین کامل کر دیا اور اپنی نعمتیں تم پر پوری کر دیں اور تمہارے لئے اسلام کو دین پسند کیا۔
ذی الحجہ کے ان دس دنوں کی فضیلت کی ایک دلیل یہ بھی ہے کہ ان میں یوم النحر (قربانی کا دن) آتا ہے ‘ جوکہ حج اکبر کا دن ہے‘ جس دن بہت سی عبادتیں یکجا ہوجاتی ہیں‘ وہ یہ ہیں: نحر ( قربانی کرنا)‘ طواف کرنا‘ سعی کرنا‘ بال منڈانا یا کٹوانا‘ اور رمیِ جمرات کرنا‘ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی حدیث مبارکہ ہے: ”اللہ تبارک و تعالیٰ کے نزدیک سب سے عظیم دن یوم النحر (دسویں ذی الحجہ کا دن) ہے پھر یوم القرّ (گیارہویں ذی الحجہ کا دن) ہے “([4])۔
یوم النحر کو یوم القرّ سے موسو م کرنے کی وجہ یہ ہے کہ اس دن حجاج کرام منی میں قیام اور آرام کرتے ہیں۔
· اے مسلمانو! ان دس دنوں میں مندرجہ ذیل چھ اعمال کو انجام دینے کی زیادہ اہمیت وفضیلت آئی ہے:
۱-کثرت سے الحمد للہ‘ لا الہ الا اللہ اور اکبر کا ورد کرنا‘ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "الله تعالی کے نزدیک ان د س دنوں کے بالمقابل کسی بھی دن میں نیک عمل کرنا زیادہ عظیم اور محبوب نہیں‘ اس لئے ان دنوں میں لا الہ الا اللہ ‘ اللہ اکبر اور الحمدللہ کا کثرت سے ورد کیا کرو"([5])۔
بخاری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ابن عمر اور ابو ہریرۃ ان دس دنوں میں بازار میں نکلتے او ر بلند آواز سے تکبیر پڑھتے چنانچہ لوگ بھی ان کو دیکھ تکبیر کہنے لگتے ([6])۔
تکبیر کی صفت یہ ہے : (اللہ اکبر‘ اللہ اکبر‘ لا الہ الا اللہ ‘ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد)۔
معلوم ہوا کہ ان دس دنوں میں اللہ اکبر‘ الحمد للہ اور لا الہ الا اللہ کا ورد کرنامشروع ہے‘ مسجدوں ‘ گھروں ‘ راستوں اور ہر اس جگہ پر ان کا ورد کرنا مشروع ہے جہاں اللہ کا ذکر کرنا جائز ہے‘ تاکہ عبادت کا مظاہرہ اور عظمت الہی کا اعلان ہوسکے۔اس کا طریقہ یہ ہے کہ مرد بلند آواز سے ان کلمات کا ورد کرے اور عورت اگر مردوں کے درمیان ہو تو آواز پست رکھے۔
آج کے زمانے میں تکبیر کی سنت ترک کردی گئی ہے‘ آپ بہت کم لوگوں کو تکبیر پڑھتے ہوئے سنیں گے‘ لہذا اس سنت کو زندہ کرنے اور غافلوں کو ہوشیار وخبردار کرنے کے لئے بلند آواز سے تکبیر پڑھنا چاہئے ‘ تاکہ دیکھا دیکھی دیگر لوگ بھی تکبیر کا اہتمام کریں‘ ہر انسان انفرادی طور پر تکبیر پڑھے‘ بیک آواز اجتماعی طور پر تکبیر پڑھنا مقصود نہیں ‘ بلکہ یہ غیر مشروع عمل ہے۔
۲-ان دس دنوں میں جو اعمال مشروع ہیں ان میں روزے بھی ہیں‘ چنانچہ بندہ مسلم کے لئے یہ نہایت مستحب عمل ہے کہ ذی الحجہ کے نو دنوں کے روزے رکھے‘ نبی صلی اللہ علیہ وسلم ذی الحجہ کے نو روزے رکھا کرتے تھے‘ ہنیدۃ بن خالد اپنی بیوی سے اور وہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعض بیویوں سے روایت کرتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ذی الحجہ کے نو روزے، عاشوراء کے دن (یعنی دسویں محرم کو) اور ہر مہینے میں تین روزے رکھتے اور ہر مہینہ کے پہلے دوشنبہ (پیر) کو، اور اس کے بعد والی جمعرات کو، پھر اس کے بعد والی جمعرات کو روزہ رکھا کرتے تھے([7])۔
ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا : (مجھے کسی ایسے عمل کا حکم دیجئے جس سے اللہ مجھے نفع پہنچائے) ‘ آپ نے فرمایا: تم روزے کا اہتمام کرو کیوں کہ اس کی کوئی نظیر نہیں ہے ([8])۔
۳-ان دس دنوں میں جو اعمال کرنا مشروع ہے ‘ ان میں عرفہ کے دن کا روزہ رکھنا بھی ہے‘ اس کی دلیل نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث ہے: عرفہ کے دن کا روزہ ایسا ہے کہ میں امیدوار ہوں اللہ پاک سے کہ ایک سال اگلے اور ایک سال پچھلے گناہوں کا کفارہ ہو جائے([9])۔
۴-ان دس دنوں میں جو اعمال کرنا مشروع ہے ‘ ان میں عید کی نماز ادا کرنا بھی ہے ‘ جو کہ ایک مشہور ومعروف بات ہے۔
۵- ان دس دنوں میں جو اعمال کرنا مشروع ہے‘ ان میں قربانی کے جانور ذبح کرنا بھی ہے ‘ یہ ہر صاحب استطاعت کے لئے سنت مؤکدہ ہے ‘ عید الاضحى کے دن قربانی کے جانور ذبح کرنا دیگر ایام تشریق کے مقابلے میں زیادہ افضل ہے‘ کیوں کہ عید الاضحى کا دن ذی الحجہ کے دس دنوں میں سب سے آخری دن ہے‘ اور یہ دس دن سال کے تمام دنوں سے افضل ہیں‘ جب کہ ایامِ تشریق ذی الحجہ کے ابتدائی دس دنوں میں شامل نہیں ہیں‘ نیز اس لئے بھی کہ عید کے دن جانور ذبح کرنا عمل صالح میں جلدی کرنے کے قبیل سے ہے([10])۔
۶-ذی الحجہ کے دس دنوں میں جو اعمال کرنا مشرو ع ہے‘ ان میں حج او رعمرہ کی ادائیگی بھی ہے‘ اس عشرہ میں ادا کیا جانے والا یہ سب سے افضل عمل ہے‘ جس کو اللہ تعالی حج بیت اللہ کی توفیق عطا کرے‘ اور وہ مطلوبہ طریقے کے مطابق مناسکِ حج کو ادا کرے اور اللہ کے منع کردہ امور سے اجتناب کرے ‘ یعنی شور وغوغا‘ فسق وفجور اور لڑائی جھگڑا (سے باز رہے) تو وہ اس کا مستحق ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وعدے کے مطابق اس اجر وثواب سے فیض یاب ہو کہ: مقبول حج کا بدلہ جنت ہی ہے([11])۔
اللہ کے بندو! یہ چھ عبادتیں ہیں‘ جو کہ ذی الحجہ کے دس دنوں میں ادا کئے جانے والے مستحب اعمال میں سر فہرست ہیں‘ یہ عبادتیں پورے سال کے دیگر با فضیلت ایام کے مقابلے میں ذی الحجہ کے دس دنوں کے ساتھ مختص ہیں‘ ان د س دنوں کے اندر چونکہ یہ عبادتیں یکجا ہوجاتی ہیں‘ اس لئے ان ایام کو سال کے دیگر ایام پر یک گونہ فضیلت حاصل ہے‘ بایں طور کہ تمام بنیادی عبادتیں ان میں یکجا ہوجاتی ہیں‘ جیسے نماز ‘ روزہ ‘ صدقہ اور حج‘ یہ عبادتیں دیگر دنوں میں یکجا نہیں ہوتیں۔یہ ابن حجر رحمہ اللہ کا قول ہے([12])۔
اللہ کے بندو! یہ تعجب کی بات ہے کہ لوگ رمضان کے آخری عشرہ میں خوب نشاط اور سرگرمی کا مظاہرہ کرتے ہیں‘ جب کہ ذو الحجہ کے ان دس دنوں میں وہ نشاط اور سرگرمی نہیں دکھاتے ‘ جب کہ یہ ایام زیادہ فضیلت اور عظمت کے حامل ہیں۔
جلیل القدر تابعی سعید بن جبیر رحمہ اللہ کا یہ طرز عمل تھا کہ جب ذ و الحجہ کے دس دن آتے تو حد درجہ محنت اور لگن سے عبادت کرتے یہاں تک کہ جان جوکھوں میں ڈال لیتے([13])۔
ان کا یہ قول بھی روایت کیا جاتا ہے کہ : "عشرہ ذی الحجہ کی راتوں میں چراغ مت بجھایا کرو"([14])۔ یعنی ان راتوں کو تلاوت اور تہجد سے آباد رکھا کرو۔
آئیے ہم اللہ سے مدد طلب کرتے ہوئے ان ایام میں کثرت سے اعمال صالحہ انجام دیتے ہیں‘ ان اعمال کی انجام دہائی کے لئے ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرتے ہیں اور ان اعمال کے اجرو ثواب کی اللہ تعالی سے امید رکھتے ہیں‘ کیوں کہ آج عمل کا موقع ہے اور حساب وکتاب نہیں‘ اور کل (قیامت کے دن) حساب وکتاب ہوگا اور عمل کا موقع نہیں: (سَابِقُوا إِلَى مَغْفِرَةٍ مِنْ رَبِّكُمْ وَجَنَّةٍ عَرْضُهَا كَعَرْضِ السَّمَاءِ وَالْأَرْضِ أُعِدَّتْ لِلَّذِينَ آمَنُوا بِاللَّهِ وَرُسُلِهِ)
ترجمہ: (آؤ) دوڑو اپنے رب کی مغفرت کی طرف اور اس جنت کی طرف جس کی وسعت آسمان وزمین کی وسعت کے برابر ہے یہ ان کے لیے بنائی گئی ہے جو اللہ پر اور اس کے رسولوں پر ایمان رکھتے ہیں۔
الله تعالی مجھے اور آپ سب کو قرآن کی برکتوں سے بہرہ مند فرمائے ‘ مجھے اور آپ سب کو اس کی آیتوں اور حکمت پر مبنی نصیحت سے فائدہ پہنچائے ‘ میں اپنی یہ بات کہتے ہوئے اللہ تعالی سے مغفرت کا خواستگار ہوں‘ آپ بھی اس سے مغفرت طلب کریں‘ یقینا وہ خوب معاف کرنے والا بڑا مہربان ہے۔


